پتنگ بازی پر زیرو ٹالرنس: خلاف ورزی پر 5 سال قید اور بھاری جرمانہ، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی سخت وارننگ

0

پتنگ بازی پر زیرو ٹالرنس: خلاف ورزی پر 5 سال قید اور بھاری جرمانہ، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی سخت وارننگ
جہلم (اقبال خان) حکومتِ پنجاب کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ضلع بھر میں پتنگ بازی، دھاتی ڈور کی تیاری اور خرید و فروخت پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ پنجاب حکومت کی پالیسی کے مطابق صرف لاہور میں بسنت منانے کی مشروط اجازت دی گئی ہے، جبکہ جہلم سمیت صوبے کے دیگر تمام اضلاع میں پتنگ بازی پر مکمل پابندی برقرار ہے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن لیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے واضح کیا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ پتنگ بازی یا پتنگ فروشی میں ملوث افراد کے خلاف فوری ایف آئی آر (FIR) درج کی جائے گی، جس کی پاداش میں 5 سال تک قید اور بھاری جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
عوام کی سہولت اور شکایات کے فوری اندراج کے لیے ضلعی انتظامیہ نے کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔ شہری کسی بھی جگہ پتنگ بازی یا ڈور کی فروخت کی اطلاع ضلعی کنٹرول روم کے نمبر 0544-9270256 پر دے سکتے ہیں۔ انتظامیہ کا عزم ہے کہ شہریوں کے تعاون سے ضلع جہلم کو اس خطرناک مشغلے سے مکمل طور پر پاک کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.