وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کا ملتان اور فیصل آباد کی تاجر برادری کے نمائندگان سے اہم مشاورتی اجلاس

وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور ملک کی برآمدی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں

0

اسلام آباد .  رپورٹ محمد اقبال خان

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ملتان اور فیصل آباد کی تاجر برادری کے نمائندگان سے آئندہ وفاقی بجٹ اور ٹیکس اصلاحات کے حوالے سے اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا، جس میں ایف بی آر اور ٹیکس پالیسی آفس کے حکام بھی شریک تھے۔

وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور ملک کی برآمدی معیشت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، اور حکومت کا مقصد ایک منصفانہ، سادہ اور کاروبار دوست ٹیکس نظام متعارف کروانا ہے۔

انہوں نے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے، رجسٹریشن بڑھانے اور تاجروں کے لیے طریقہ کار آسان بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تاجر نمائندگان نے POS نظام، دستاویزی تقاضوں اور ٹیکس ادائیگی کے پیچیدہ طریقہ کار سے متعلق مسائل اجاگر کیے اور شفافیت و اعتماد کے فروغ پر زور دیا۔ انہوں نے بجٹ سے قبل حکومتی مشاورت کو مثبت اقدام قرار دیا۔

وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے یقین دہانی کرائی کہ تمام اصلاحات تاجر برادری سے مشاورت کے بعد نافذ کی جائیں گی تاکہ نظام کو مؤثر، شفاف اور قابلِ عمل بنایا جا سکے۔

اجلاس کے اختتام پر حکومت اور تاجر برادری کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.