ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیرِ نگرانی ضلع جہلم میں عید الاضحٰی کے دنوں میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے جامع، مؤثر اور فول پروف سیکیورٹی پلان تشکیل

0

جہلم ( محمد اقبال خان)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صاحبہ کے احکامات اور انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب عبدالکریم کی ہدایت کی روشنی میں ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی زیرِ نگرانی ضلع جہلم میں عید الاضحٰی کے دنوں میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے جامع، مؤثر اور فول پروف سیکیورٹی پلان تشکیل دے کر نافذ کر دیا گیا ہے،اس پلان کا مقصد شہریوں کو پرامن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹنا ہے،

سیکیورٹی پلان کے مطابق ضلع بھر میں مجموعی طور پر 216 مساجد، 18 امام بارگاہوں اور 05 کھلے مقامات پر عید کے اجتماعات منعقد ہوں گے جہاں شہری نماز عید ادا کریں گے،

حساسیت کے پیشِ نظر مساجد کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں کیٹگری اے کی 01 جبکہ کیٹگری بی کی 54 مساجد شامل ہیں، تمام مقامات پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، داخلی و خارجی راستوں کی نگرانی، واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور چیکنگ کا مؤثر نظام یقینی بنایا جائے گا،

ڈی پی او جہلم کی ہدایت پر عید کے تینوں دنوں تک ضلع بھر میں 574 سے زائد پولیس افسران و اہلکار ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ اس نفری میں 01 ایس پی، 06 ڈی ایس پیز، 13 انسپکٹرز اور بڑی تعداد میں جوان شامل ہیں، جو مختلف ڈیوٹی پوائنٹس پر تعینات ہوں گے،

تمام افسران کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ اپنی نگرانی میں ڈیوٹی کو مؤثر بنائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کو یقینی بنائیں،

شہر اور دیہی علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے محافظ گشت، ایلیٹ فورس اور سائیکل اسکواڈ کو متحرک کر دیا گیا ہے،

ایلیٹ فورس کے سیکشن ہائی الرٹ رہیں گے جبکہ اہم مقامات، بازاروں اور رش والے علاقوں میں مسلسل گشت جاری رکھی جائے گی،

عید کے دنوں میں ہلڑ بازی، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے،

ڈی پی او جہلم نے واضح احکامات جاری کیے ہیں کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے،

خواتین کے تحفظ اور ان میں احساسِ تحفظ کو بڑھانے کے لیے خصوصی سائیکل اسکواڈ بھی تشکیل دیا گیا ہے جو بازاروں، شاپنگ سینٹرز اور عوامی مقامات پر مسلسل گشت کرے گا۔ اس اسکواڈ کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ہراسانی کے واقعات کی روک تھام اور فوری مدد فراہم کرنے میں فعال کردار ادا کریں،

ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے بھی خصوصی ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے۔ اہم شاہراہوں، بازاروں اور عید گاہوں کے اطراف ٹریفک وارڈنز تعینات کیے جائیں گے تاکہ رش کو کنٹرول کیا جا سکے اور شہریوں کو آمد و رفت میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو،

ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے تمام افسران و اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں نہایت مستعدی، ایمانداری اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں،

شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں، قانون کی پاسداری کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی صورت میں فوری طور پر قریبی پولیس اسٹیشن یا ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے،

جہلم پولیس عید کے موقع پر شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت الرٹ اور خدمت کے لیے تیار ہے،ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.