کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے جہلم کا دورہ کیا،

0

جہلم:(اقبال خان) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے جہلم کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے روٹس کا تفصیلی معائنہ کر کے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم نے کمشنر راولپنڈی کو امن و امان کے قیام اور عزاداروں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
​بریفنگ کے دوران کمشنر راولپنڈی کو بتایا گیا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں جلوس کے روٹس پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، پولیس کی اضافی نفری کی تعیناتی اور مانیٹرنگ کے لیے خصوصی کنٹرول روم کا قیام شامل ہے۔ اس کے ساتھ ہی بلدیاتی سطح پر روٹس کی صفائی ستھرائی، لٹکتی ہوئی بجلی کی تاروں کی درستگی، سڑکوں کی مرمت اور عزاداروں کے لیے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے مقامی علما کرام اور امن کمیٹی کے ارکان کو بھی مکمل اعتماد میں لیا گیا ہے تاکہ مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دیا جا سکے۔
​کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور تاکید کی کہ محرم الحرام کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور زائرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.