ریاض ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ انسانیت کی خدمت کی ایک خوبصورت مثال ، مزدور طبقہ، مستحق افراد، بے سہارا شہریوں اور محنت کشوں کے لیے مفت ناشتے اور کھانے کا اہتمام

0

جہلم ( اقبال خان)جہلم غلہ منڈی میں قائم ریاض ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ انسانیت کی خدمت کی ایک خوبصورت مثال بن چکا ہے، جہاں روزانہ مزدور طبقے، مستحق افراد، بے سہارا شہریوں اور محنت کشوں کے لیے مفت ناشتے اور کھانے کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ اس فلاحی اقدام کا مقصد ضرورت مند افراد کی عزتِ نفس کو برقرار رکھتے ہوئے انہیں معیاری اور باوقار ماحول میں کھانا فراہم کرنا ہے۔

ریاض ہوٹل کے مالک محمد ریاض کا کہنا ہے کہ ان کا دیرینہ خواب تھا کہ ایسے افراد کے لیے دسترخوان سجایا جائے جو بڑھتی ہوئی مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باعث دو وقت کی روٹی کا انتظام نہیں کر پاتے۔ اسی جذبۂ خدمت کے تحت وہ روزانہ صبح اور شام مفت کھانے کا اہتمام کرتے ہیں۔

محمد ریاض نہ صرف اس فلاحی دسترخوان کا انتظام کرتے ہیں بلکہ خود بھی موجود رہ کر اپنے ہاتھوں سے مستحق اور محنت کش افراد میں کھانا تقسیم کرتے ہیں اور آنے والے ہر شخص کی عزت و احترام کے ساتھ مہمان نوازی کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ضرورت مند افراد کی خدمت اور ان کے چہروں پر خوشی دیکھنا ان کے لیے سب سے بڑی خوشی ہے۔

علاقہ مکینوں اور مستفید ہونے والے افراد نے محمد ریاض کے اس انسان دوست اقدام کو سراہتے ہوئے اسے معاشرے کے لیے ایک قابلِ تقلید مثال قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسے فلاحی کام معاشرے میں محبت، ہمدردی اور بھائی چارے کے فروغ کا باعث بنتے ہیں۔

اس موقع پر محمد ریاض نے اپنا پیغام دیتے ہوئے کہا، "اللہ تعالیٰ نے جسے بھی استطاعت دی ہے، اسے چاہیے کہ اپنے اردگرد موجود ضرورت مند افراد کا خیال رکھے۔ کسی بھوکے کو کھانا کھلانا اور مستحق کی مدد کرنا نہ صرف ایک عظیم انسانی خدمت ہے بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ بھی ہے۔ میری دعا ہے کہ ہمارے معاشرے میں خدمتِ خلق کا یہ جذبہ مزید فروغ پائے اور کوئی شخص بھوکا نہ سوئے۔”

Leave A Reply

Your email address will not be published.