دینہ: مرکزی تجارتی مرکز میں دیوہیکل چوہوں کی بہتات، شہری اور تاجر شدید پریشان
دینہ (اقبال خان): تحصیل دینہ اور اس کے گردونواح بالخصوص شہر کی مرکزی کمرشل گلی میں دیوہیکل چوہوں کی بھرامار نے شہریوں، خواتین اور بچوں کا جینا محال کر دیا۔ دو دو کلو وزنی ان چوہوں کی دکانوں کے اندر اور باہر آزادانہ آمد و رفت نے جہاں تاجروں کا تجارتی سامان داؤ پر لگا دیا ہے، وہاں یہ خوف و ہراس کی علامت بھی بن چکے ہیں۔
مردہ چوہے کی وجہ سے تعفن، ‘معشوق مسیح’ نے لاش ٹھکانے لگا دی
گزشتہ روز مرکزی تجارتی گلی میں ایک کلو سے زائد وزنی دیوہیکل چوہا ہلاک ہو گیا، جس کی لاش کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود وہیں پڑی رہی۔ شدید تعفن اور بدبو کے باعث راہگیروں اور دکانداروں کا وہاں کھڑا ہونا محال ہو گیا، تاہم خوف اور کراہت کی وجہ سے کوئی بھی اسے اٹھانے کی ہمت نہ کر سکا۔
اس موقع پر مقامی دکاندار ‘باوے جٹ’ نے اپنے دیرینہ ساتھی اور درویش صفت انسان ‘معشوق مسیح’ سے مدد کی اپیل کی۔ معشوق مسیح نے کمالِ بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے چوہے کی لاش کو وہاں سے اٹھایا اور شہر سے باہر لے جا کر باقاعدہ دفن کر دیا۔ تاجر برادری اور عوامی حلقوں نے معشوق مسیح کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
بیماریاں پھیلنے کا خدشہ اور عوامی تشویش
عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ ان بڑے چوہوں کی خوراک دکانوں میں پڑا ہوا سامان ہے، اور یہ نہ صرف قیمتی اشیاء کو نقصان پہنچا رہے ہیں بلکہ طاعون اور دیگر مہلک بیماریاں پھیلانے کا بڑا سبب بھی بن سکتے ہیں۔ بازار آنے والی خواتین اور بچے ان چوہوں کو دیکھ کر شدید خوف کا شکار ہو جاتے ہیں۔
انتظامیہ سے ‘چوہا مار مہم’ کا مطالبہ
دینہ کی تاجر برادری، سماجی رہنماؤں اور شہریوں نے بلدیہ اور ضلعی انتظامیہ جہلم سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ:
شہر میں ‘کتا مار مہم’ کی طرز پر ہنگامی بنیادوں پر ‘چوہا مار مہم’ کا آغاز کیا جائے۔
کمرشل بازاروں اور گلیوں میں موثر ادویات کا چھڑکاؤ کیا جائے تاکہ شہریوں کو اس عذاب سے فوری نجات مل سکے۔