وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے ہر ماہ تمام تحصیلوں میں کھلی کچہریاں لگانے کا اعلان

ضلع کونسل ہال میں منعقدہ کچہری میں درجنوں شکایات پر موقع پر ہی احکامات جاری

0

جہلم ( اقبال خان)وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے ہر ماہ تمام تحصیلوں میں کھلی کچہریاں لگانے کا اعلان، ضلع کونسل ہال میں منعقدہ کچہری میں درجنوں شکایات پر موقع پر ہی احکامات جاری
جہلم: شہریوں کے مسائل کا ان کی دہلیز پر فوری حل یقینی بنانے اور عوامی رابطہ کار کو مزید فعال کرنے کے لیے ایک اہم فیصلہ کیا گیا ہے، جس کے تحت اب ہر ماہ ضلع کی تمام تحصیلوں میں مختلف تاریخوں پر مستقل طور پر کھلی کچہریاں منعقد کی جائیں گی۔ اس سلسلے میں وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ضلع کونسل ہال میں ایک بڑی کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں چاروں تحصیلوں سے شہریوں کی ایک کثیر تعداد نے شرکت کر کے اپنے دیرینہ مسائل اور شکایات وزیر مملکت کے سامنے پیش کیں۔
کھلی کچہری کے دوران وزیر مملکت نے شہریوں کی شکایات کو فرداً فرداً غور سے سنا اور عوامی ریلیف کو ترجیح دیتے ہوئے درجنوں درخواستوں پر ضلعی افسران کو موقع پر ہی داد رسی کے احکامات جاری کیے۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران، مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان اور علاقے کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات بھی موجود تھیں تاکہ عوامی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کچہری سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت عوامی مسائل سے چشم پوشی اختیار نہیں کر سکتی اور اس نئے انتظامی نظام کے ذریعے نہ صرف سرکاری دفاتر میں روایتی تاخیر کا خاتمہ ہوگا بلکہ افسران کی عوام کے سامنے جوابدہی بھی یقینی بنے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کھلی کچہری میں جاری کیے گئے احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹ باقاعدگی سے جمع کرائی جائے تاکہ شہریوں کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.