پریس کلب دینہ کا اہم اجلاس: سوہاوہ انتظامیہ کی انتقامی کارروائیوں کے خلاف مذمتی قرارداد منظور، ڈی سی جہلم سے فوری نوٹس کا مطالبہ
دینہ(اقبال خان)پریس کلب دینہ کا اہم اجلاس: سوہاوہ انتظامیہ کی انتقامی کارروائیوں کے خلاف مذمتی قرارداد منظور، ڈی سی جہلم سے فوری نوٹس کا مطالبہ
پریس کلب دینہ کا ایک اہم اجلاس صدر پریس کلب دینہ احسان جنجوعہ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں پریس کلب سوہاوہ کے خلاف مقامي انتظامیہ کی جانب سے کی جانے والی انتقامی کارروائیوں پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا گیا۔
اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں نعتِ رسولِ مقبول پیش کی گئی۔ بعد ازاں، جنرل سیکرٹری پریس کلب دینہ افتخار احمد مغل نے اجلاس کا ایجنڈا تمام اراکین کے سامنے پیش کیا۔
اجلاس کے دوران سوہاوہ انتظامیہ کے رویے کے خلاف ایک مذمتی قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ قرارداد میں کہا گیا کہ سوہاوہ پریس کلب اور مقامی صحافیوں کی جانب سے انتظامیہ کی خامیوں اور عوامی مسائل کو سامنے لانا ان کی بنیادی صحافتی ذمہ داری ہے۔ انتظامیہ کا فرض تھا کہ اشارہ کی گئی خامیوں کو دور کرتی، لیکن اس کے برعکس انتظامیہ نے انتقامی کارروائیاں شروع کر دیں جو آزادیِ صحافت پر حملہ اور اس کا گلا گھونٹنے کی مذموم کوشش ہے۔ پریس کلب دینہ اس طرزِ عمل کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر احسان جنجوعہ اور جنرل سیکرٹری افتخار احمد مغل نے کہا کہ صحافت ایک مقدس اور ذمہ دارانہ پیشہ ہے، جس کا مقصد معاشرے کی برائیوں اور انتظامی نااہلیوں کو نقاب کشا کرنا ہے۔ انہوں نے سوہاوہ انتظامیہ کے رویے کی سخت مذمت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کا فوری نوٹس لیں اور صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ پریس کلب دینہ مشکل کی اس گھڑی میں پریس کلب سوہاوہ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
چیئرمین پریس کلب دینہ ملک صداقت محمود نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آزادیِ صحافت کی راہ میں مشکلات آتی رہتی ہیں، مگر صحافتی برادری ایسے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سوہاوہ پریس کلب کے صحافیوں کے ساتھ ہم آواز اور متحد ہیں۔
اجلاس کے دوسرے حصے میں جشنِ آزادی (14 اگست) کی تیاریوں اور پریس کلب بلڈنگ کی تعمیر و ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ تمام اراکین نے اس حوالے سے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔
اجلاس میں چیئرمین ملک صداقت محمود، صدر احسان جنجوعہ، نائب صدر دستگیر چوہدری، جنرل سیکرٹری افتخار مغل، جوائنٹ سیکرٹری فیصل افضل،شیخ عتیق ، انفارمیشن سیکرٹری ذوالفقار عباس کیانی، عمران منصور، ساجد عاجز، اور راؤ بلال سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی