وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی جانب سے ضلع کونسل ہال جہلم میں عوامی کھلی کچہری کا انعقاد

0

جہلم (اقبال خان): وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی جانب سے ضلع کونسل ہال جہلم میں عوامی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کرتے ہوئے اپنے مسائل، درخواستیں اور شکایات براہِ راست وزیرِ مملکت کے سامنے پیش کیں۔

کھلی کچہری میں ضلعی انتظامیہ اور محکمہ پولیس کے افسران بھی موجود تھے۔ شہریوں کی جانب سے مختلف محکموں، عوامی سہولیات، انتظامی امور اور دیگر مسائل سے متعلق شکایات پیش کی گئیں، جنہیں وزیرِ مملکت نے تفصیل سے سنا اور متعلقہ افسران سے موقع پر ہی مسائل کے حل کے حوالے سے بریفنگ حاصل کی۔

وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کی جانب سے پیش کیے جانے والے مسائل پر فوری توجہ دی جائے، جائز شکایات کے ازالے میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے اور عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے افسران کو عوامی خدمت اور سرکاری امور میں شفافیت و مؤثر رابطہ کاری کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

عوامی کھلی کچہری کے انعقاد کا مقصد شہریوں کو براہِ راست اپنے مسائل حکام تک پہنچانے کا مؤثر پلیٹ فارم فراہم کرنا، مختلف محکموں کے درمیان رابطہ کاری کو بہتر بنانا اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنانا تھا۔ شہریوں نے کھلی کچہری کے انعقاد کو سراہتے ہوئے اپنے مسائل براہِ راست پیش کرنے کا موقع فراہم کرنے پر وزیرِ مملکت کا شکریہ ادا کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.