میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کی ہیلتھ کیئر کمیشنز کو فیلڈ میں مؤثر نگرانی اور فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

0

اسلام آباد ڈیسک

 

میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی کی ہیلتھ کیئر کمیشنز کو فیلڈ میں مؤثر نگرانی اور فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال اور میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی (چئیرمین، کامن مینجمنٹ یونٹ) کی زیرِ صدارت انسدادِ ایچ آئی وی/ایڈز کے لیے جوائنٹ ورکنگ گروپ کا اجلاس منعقد ہوا

اجلاس میں ملک میں ایچ آئی وی کی موجودہ صورتحال، انسدادِ ایچ آئی وی/ایڈز پروگرام پر عملدرآمد، نگرانی کے نظام اور وزیراعظم ٹاسک فورس کی منظور شدہ سفارشات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

کامن مینجمنٹ یونٹ کے سربراہ میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی نے انسدادِ ایچ آئی وی/ایڈز کے اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے ہیلتھ کیئر کمیشنز کے کردار پر خصوصی زور دیا۔

میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی نے تمام صوبائی ہیلتھ کیئر کمیشنز کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں معائنہ اور نگرانی کا مؤثر نظام یقینی بنایا جائے اور انسدادِ ایچ آئی وی/ایڈز کے حوالے سے کیے گئے فیصلوں اور طے شدہ اقدامات پر عملی طور پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشنز صحت کی سہولیات میں مقررہ معیارات اور حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کی مؤثر نگرانی کریں اور ایچ آئی وی/ایڈز کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مربوط اقدامات کو یقینی بنائیں۔

اجلاس میں پنجاب اور سندھ ہیلتھ کیئر کمیشنز نے انسدادِ ایچ آئی وی/ایڈز کے حوالے سے جاری اقدامات اور پیش رفت پر بریفنگ دی، جبکہ یو این ڈی پی کی جانب سے جاری آگاہی مہم سے متعلق بھی فورم کو آگاہ کیا گیا۔

اجلاس میں صوبائی سیکرٹریز صحت، متعلقہ حکام، چاروں صوبوں کے ہیلتھ کیئر کمیشنز کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.