وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ماڈل بازار تحصیل روڈ جہلم کا شاندار افتتاح کیا
جہلم ( اقبال خان)وزیرِ اعلیٰ پنجاب بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کے تحت ماڈل بازار تحصیل روڈ جہلم کا شاندار افتتاح، وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے افتتاح کیا
وزیرِ اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کے تحت قائم ماڈل بازار تحصیل روڈ جہلم کا وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے باقاعدہ افتتاح کیا۔ ماڈل بازار پہنچنے پر شہریوں نے وزیرِ مملکت کا پرتپاک استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر میونسپل سروسز علیزہ ریحان، اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان، سیاسی و سماجی شخصیات، تاجر برادری اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
افتتاحی تقریب کے موقع پر منعقدہ اجلاس میں وزیرِ مملکت بلال اظہر کیانی نے شہریوں اور تاجر برادری سے گفتگو کی۔ انہوں نے ماڈل بازار کے خوبصورت، منظم اور عوام دوست ماحول کو سراہتے ہوئے اسے جہلم کے شہریوں کے لیے ایک اہم سہولت قرار دیا۔ تقریب میں شریک شہریوں اور تاجر برادری نے بھی ماڈل بازار کی خوبصورتی، بہتر انتظامات اور شہری سہولیات کو سراہا۔
ماڈل بازار کا افتتاح جہلم شہر کی خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ شہریوں کو ایک منظم، صاف ستھرا اور بہتر ماحول میں خریداری کی سہولت فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب بیوٹیفکیشن پراجیکٹ کے تحت مکمل ہونے والا یہ منصوبہ شہری سہولت اور شہر کی خوبصورتی کے حسین امتزاج کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ افتتاحی تقریب میں شہریوں کی بھرپور شرکت نے اس موقع کو مزید یادگار بنا دیا۔