وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت رعایتی پیٹرول کی فراہمی کا جائزہ، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر کا شہر کے مختلف پیٹرول پمپس کا دورہ
جہلم (اقبال خان): وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم کے تحت شہریوں کو رعایتی پیٹرول کی شفاف اور بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے سوہاوہ شہر کے مختلف پیٹرول پمپس کا دورہ کیا۔ انہوں نے رعایتی پیٹرول کی فراہمی، متعلقہ ریکارڈ اور شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولت کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے پیٹرول پمپس پر رعایتی پیٹرول کی فراہمی سے متعلق ریکارڈ کی جانچ کی اور شہریوں سے براہِ راست گفتگو کرکے اسکیم کے بارے میں ان کی رائے معلوم کی۔ شہریوں نے رعایتی پیٹرول کی فراہمی اور مجموعی انتظامات پر مثبت اطمینان کا اظہار کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے پیٹرول پمپ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ رعایتی پیٹرول کی فراہمی کا مکمل ریکارڈ باقاعدگی سے مرتب رکھا جائے اور اہل شہریوں کو حکومتی ریلیف کی شفاف، بروقت اور بلا تعطل فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔