وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کا مختلف پیٹرول پمپوں کا دورہ
ڈپٹی کمشنر جہلم میررضا اوزگن بھی ان کے ہمراہ تھے

جہلم ۔(اقبال خان) وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کا مختلف پیٹرول پمپوں کا دورہ، PM فیول سبسیڈی کی شفافیت اور شہریوں کی رجسٹریشن کا جائزہ
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کے ہمراہ شہر کے مختلف پیٹرول پمپوں کا دورہ کیا تاکہ وزیر اعظم ایندھن ریلیف (PM فیول سبسیڈی) پروگرام پر عمل درآمد، شفافیت اور پٹرول کی فراہمی کا جائزہ لیا جا سکے۔
دورے کے دوران انہوں نے پیٹرول پمپوں پر موجود شہریوں سے براہ راست گفتگو کی اور انہیں حکومت کی جانب سے دی جانے والی فیول سبسیڈی حاصل کرنے کے لیے رجسٹریشن کے طریقہ کار سے تفصیل کے ساتھ آگاہ کیا۔ انہوں نے شہریوں کو بتایا کہ کس طرح آسان کوڈ یا پورٹل کے ذریعے رجسٹریشن کروا کر اس مالی راحت سے مستفید ہوا جا سکتا ہے۔
اس موقع پر انہوں نے پیٹرول پمپ مالکان اور عملے کو حکومتی ہدایات پر سخت عمل درآمد کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ سبسیڈی کے عمل میں کسی قسم کی بدعنوانی، ذخیرہ اندوزی یا ناانصافی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے وزیر مملکت کو ضلع میں سبسیڈی کی فراہمی، سرکاری نرخوں پر عمل درآمد اور انتظامی اقدامات پر بریفنگ دی۔ وزیر مملکت نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عوام الناس کے لیے سہولیات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔