گاؤں سیلی میں نمبرداری جلسہ، اسسٹنٹ کمشنر دینہ ساجدہ رزاق کی شرکت
جہلم (اقبال خان): دیہی سطح پر انتظامی امور، عوامی مسائل اور نمبرداری نظام سے متعلق معاملات کا جائزہ لینے کے لیے گاؤں سیلی میں نمبرداری جلسہ منعقد کیا گیا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر دینہ ساجدہ رزاق نے شرکت کی۔ جلسے کے دوران مقامی سطح پر درپیش مختلف مسائل اور نمبرداروں کے انتظامی کردار سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر دینہ نے نمبرداروں سے گفتگو کرتے ہوئے مقامی آبادی اور انتظامیہ کے درمیان مؤثر رابطے، عوامی مسائل کی بروقت نشاندہی اور متعلقہ معاملات کو انتظامیہ تک پہنچانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ نمبردار دیہی علاقوں میں انتظامیہ اور شہریوں کے درمیان رابطے کو مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر ساجدہ رزاق نے نمبرداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریاں قانون کے مطابق احسن انداز میں انجام دیں اور عوامی سہولت کے لیے انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھیں۔ انہوں نے مقامی مسائل کے بروقت حل اور انتظامی امور میں تعاون کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔