دینہ میں مہنگائی کا جن بے قابو، عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی مشکل ہو گئی، شہری پریشان، انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

0

دینہ میں مہنگائی کا جن بے قابو، عام آدمی کے لیے دو وقت کی روٹی مشکل ہو گئی، شہری پریشان، انتظامیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

دینہ اقبال خان

دینہ اور گردونواح میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی، روزمرہ استعمال کی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں عام شہریوں کی پہنچ سے باہر ہونے لگیں۔ آٹا، چینی، دالیں، سبزیاں، پھل، دودھ، گوشت اور دیگر بنیادی اشیائے خورونوش کی خریداری متوسط اور غریب طبقے کے لیے ایک بڑا چیلنج بن گئی۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ آمدن میں اضافے کے بغیر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ تباہ کر دیا ہے۔ ایک طرف بجلی، گیس، پٹرول اور دیگر اخراجات نے پہلے ہی زندگی مشکل بنا رکھی ہے، تو دوسری جانب بازاروں میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں بھی عوام کے لیے پریشانی کا باعث بن رہی ہیں۔

دوسری جانب سرکاری نرخ ناموں اور مارکیٹ میں اشیاء کی فروخت کی قیمتوں میں فرق کی شکایات بھی سامنے آتی رہتی ہیں۔ شہریوں کے مطابق صرف نرخ نامے جاری کرنا کافی نہیں، بلکہ ان پر عملدرآمد یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔ ضلع جہلم میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 2300 روپے، دودھ 220 روپے فی لیٹر، مرغی کا گوشت 565 روپے فی کلو ہے

شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور اسسٹنٹ کمشنر دینہ سے مطالبہ کیا ہے کہ دینہ کے مین بازار، سبزی و فروٹ منڈی، کریانہ اسٹورز، گوشت اور دودھ کی دکانوں پر باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے، سرکاری نرخ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی کے اس مشکل دور میں غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ عام شہری بھی باعزت طریقے سے اپنے بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی کا بندوبست کر سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.