وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹرز پروگرام فیز فور کے تحت ضلع جہلم کے 68 کامیاب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز تقسیم، کاشتکاروں میں خوشی و مسرت کی لہر
وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹرز پروگرام فیز فور کے تحت ضلع جہلم کے 68 کامیاب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز تقسیم، کاشتکاروں میں خوشی و مسرت کی لہر
جہلم (اقبال خان): وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے گرین ٹریکٹرز پروگرام فیز فور کے تحت ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں جہلم، دینہ، سوہاوہ اور پنڈ دادن خان کے کامیاب کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت میجر جنرل (ریٹائرڈ) اظہر محمود کیانی تھے۔ تقریب میں ڈائریکٹر زراعت توسیع راولپنڈی ڈویژن سید شاہد افتخار بخاری، ڈپٹی کمشنر جہلم محترمہ عاصمہ اعجاز چیمہ، محکمہ زراعت کے دیگر افسران اور کامیاب کاشتکاروں نے شرکت کی۔ مہمانِ خصوصی نے ڈیجیٹل قرعہ اندازی میں کامیاب قرار پانے والے ضلع جہلم کے 68 کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی چابیاں تقسیم کیں، جس سے کاشتکاروں میں خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی۔
میجر جنرل (ریٹائرڈ) اظہر محمود کیانی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹرز پروگرام صوبے میں جدید مشینی زراعت کے فروغ اور کاشتکاروں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ پروگرام کے تحت فی ٹریکٹر ساڑھے سات لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے، جو کاشتکاروں کے لیے نمایاں مالی سہولت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کے ذریعے بلا سود قرضوں کی فراہمی بھی کاشتکاروں کو زرعی ضروریات پوری کرنے میں معاون ثابت ہو رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم محترمہ عاصمہ اعجاز چیمہ نے کہا کہ ضلع جہلم میں گرین ٹریکٹرز پروگرام شفاف انداز میں نافذ کیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل ضلع میں 232 ٹریکٹرز سبسڈی پر فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ موجودہ فیز فور میں مزید 106 ٹریکٹرز فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے محکمہ زراعت کے افسران اور فیلڈ عملے کو ہدایت کی کہ حکومتی سہولیات اور زرعی پروگراموں کے ثمرات کاشتکاروں تک مؤثر انداز میں پہنچائے جائیں۔
ڈائریکٹر زراعت توسیع راولپنڈی ڈویژن سید شاہد افتخار بخاری نے بتایا کہ گرین ٹریکٹرز پروگرام فیز فور کے تحت راولپنڈی ڈویژن میں مجموعی طور پر 822 ٹریکٹرز فراہم کیے جائیں گے، جن میں ضلع جہلم کے لیے 106 ٹریکٹرز مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کاشتکاروں کو 50 سے 65 ہارس پاور تک کے ٹریکٹرز منتخب کرنے کا اختیار دیا گیا اور کامیاب امیدواروں کا انتخاب ڈیجیٹل قرعہ اندازی کے ذریعے شفاف انداز میں کیا گیا۔ محکمہ زراعت کی جانب سے کاشتکاروں کو حکومتی زرعی سہولیات سے مستفید کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور زرعی ایڈوائزری کمیٹی کے اجلاس بھی ماہانہ بنیادوں پر منعقد کیے جا رہے ہیں۔ کامیاب کاشتکاروں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گرین ٹریکٹرز پروگرام کے تحت فراہم کی جانے والی سہولت پر اظہارِ تشکر کیا۔