دینہ نیو جھنگ میں الحاج فیروز دین مرحوم اور مسز سردار بیگم صاحبہ کی سالانہ برسی کے موقع پر پروقار محفلِ پاک کا انعقاد

0

دینہ (اقبال خان ) دینہ نیو جھنگ میں الحاج فیروز دین مرحوم اور مسز سردار بیگم صاحبہ کی سالانہ برسی کے موقع پر پروقار محفلِ پاک کا انعقاد، ارائیاں برادری کی سرکردہ شخصیات سمیت اہلِ علاقہ کی بھرپور شرکت
دینہ کے نواحی گاؤں نیو جھنگ میں معروف سیاسی و سماجی شخصیت حاجی چوہدری محمد ابرار کی رہائش گاہ پر الحاج فیروز دین مرحوم اور مسز سردار بیگم صاحبہ کی سالانہ برسی کے سلسلے میں ایک پروقار محفلِ پاک کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع جہلم کی ارائیں برادری کی سرکردہ شخصیات، علماء کرام، معززین علاقہ اور عزیز و اقارب سمیت اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
تقریب میں جنرل سیکرٹری پریس کلب دینہ افتخار احمد مغل ،محمد اقبال خان انفارمیشن سیکرٹری پریس کلب دینہ ،جرار میر سینئر جرنلسٹ ،عرفان محبوب سینئر جرنلسٹ ، انجمن ارائیاں جہلم پاکستان (رجسٹرڈ) کے سرپرست چوہدری اصغر علی اور ضلعی صدر حاجی حبیب الرحمن کی قیادت میں ضلع جہلم کی ارائیاں برادری کی ممتاز شخصیات نے خصوصی شرکت کی۔ محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد ثنا خوانانِ رسول ﷺ نے بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کرتے ہوئے ہدیہ نعت پیش کیا۔
اس موقع پر علماء کرام نے خصوصی خطاب کرتے ہوئے دنیا کی عارضی زندگی، آخرت کی تیاری، نیک اعمال، حقوق العباد، والدین کی خدمت اور انسانیت کی بھلائی جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ دنیا کی زندگی عارضی ہے جبکہ آخرت کی زندگی ہمیشہ رہنے والی ہے، لہٰذا ہر انسان کو اپنی زندگی نیک اعمال، خدمتِ خلق اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول میں گزارنی چاہیے۔ انہوں نے مرحومین کے لیے ایصالِ ثواب کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ اپنے پیاروں کو دعاؤں اور نیک اعمال کے ذریعے یاد رکھنا ایک قابلِ تحسین عمل ہے۔
محفل کے اختتام پر پیر قاسم نذیر صاحب، بوڑا جنگل شریف نے خصوصی دعا کروائی۔ اس موقع پر مرحومین کے درجات کی بلندی، مغفرت، لواحقین کے لیے صبر و استقامت، ملک و قوم کی سلامتی، خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔
تقریب میں شرکت کرنے والے معزز مہمانوں اور حاضرین کے لیے پرتکلف کھانے کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا تھا۔ محفل کے اختتام پر چوہدری شاہد ابرار اور چوہدری شجاعت ابرار، صدر انجمن ارائیاں تحصیل دینہ نے تمام مہمانوں، ارائیں برادری کی سرکردہ شخصیات، علماء کرام اور اہلِ علاقہ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ معزز مہمانوں کی شرکت اور مرحومین کے لیے دعاؤں نے اس بابرکت محفل کو مزید یادگار بنا دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.