مظفر آباد ہیلی کاپٹر حادثہ: شہید حوالدار امانت علی فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک
کمانڈر ایئر ڈیفنس منگلا بریگیڈیئر غلام مرتضیٰ، سابق ایم پی اے چوہدری ثقلین اور ڈی ایس پی اکرام اللہ نیازی کی شرکت
مظفر آباد ہیلی کاپٹر حادثہ: شہید حوالدار امانت علی فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک
کمانڈر ایئر ڈیفنس منگلا بریگیڈیئر غلام مرتضیٰ، سابق ایم پی اے چوہدری ثقلین اور ڈی ایس پی اکرام اللہ نیازی کی شرکت
سوہاوہ:(محمدنبیل حسن) مظفر آباد ہیلی کاپٹر حادثے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے نڈر سپوت، حوالدار امانت علی شہید کو ان کے آبائی گاؤں ککرالہ (سوہاوہ) میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔ شہید کی نمازِ جنازہ میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران، سیاسی، سماجی، کاروباری و مذہبی شخصیات سمیت اہل علاقے کی کثیر تعداد نے شرکت کی،تفصیلات کے مطابق، وطنِ عزیز کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے حوالدار امانت علی ولد اورنگزیب شہید کی آخری رسومات ان کے آبائی علاقے ککرالہ میں ادا کی گئیں، جہاں ہر آنکھ اشکبار اور پورا علاقہ سوگوار تھا۔ نمازِ جنازہ اور تدفین کے موقع پر کمانڈر ایئر ڈیفنس منگلا بریگیڈیئر غلام مرتضیٰ، سابق ایم پی اے چوہدری محمد ثقلین، اور ڈی ایس پی سوہاوہ اکرام اللہ نیازی سمیت علاقے کی ممتاز مقتدر شخصیات نے شرکت کی اور شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔اس موقع پر پاک آرمی کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسدِ خاکی کو روایتی اور انتہائی باوقار انداز میں سلامی پیش کی، جبکہ پاک فوج کے افسران اور معززین کی جانب سے شہید کی لحد پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔اہلِ علاقہ کا کہنا تھا کہ حوالدار امانت علی شہید کی قربانی پر پورے سوہاوہ کو فخر ہے اور ان کا نام تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ شہید حوالدار امانت علی نے اپنے پیچھے سوگواران میں ایک بیوہ، ایک بیٹا اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔