ڈپٹی کمشنر جہلم کا ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا, فارمیسی میں ادویات کی فراہمی کے حوالے سے شہریوں کی شکایات کا جائزہ لیا

جہلم(اقبال خان ): ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا دی ایچ کیو ہسپتال کا تفصیلی دورہ، ادویات کی فراہمی، لان کو خوبصورت بنانے اور ہسپتال کے داخلی راستہ کو بہتر اور کشادہ کرنے کی ہدایت۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے فارمیسی میں ادویات کی فراہمی کے حوالے سے شہریوں کی شکایات کا جائزہ لیا، انہوں نے ادویات کے سٹاک کا معائنہ کیا اور ایم ایس اور دیگر ذمہ داران کو تمام ادویات بلا تفریق فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے پارک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے نئے پودے لگانے اور شہریوں کے بیٹھنے کے لیے نئے بینچ لگوانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مرکزی دروازے پر تجاوزات کا فوری خاتمہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہسپتال کے مرکزی داخلی راستے کو مزید بہتر بنانے اور ٹف ٹائل لگانے کی بھی ہدایت کی۔ ہسپتال میں زیر تعمیر ٹراما سنٹر پر کام کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹراما سنٹر کو جلد از جلد مکمل کیا جائے، حکومت پنجاب نے اس پروجیکٹ کے لیے رکے ہوئے فنڈز جاری کر دیے ہیں اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس پروجیکٹ کو جلد از جلد مکمل کر کے جہلم کے شہریوں کو ایک بہترین سہولت سے مستفید ہونے کا موقع دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ٹراما سنٹر کی تعمیر کے دوران اعلی کوالٹی کا مٹیریل استعمال کیا جائے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی لاپرواہی پر کوئی رعایت نہیں کی جائے گی