موٹروے پولیس کی جانب سے روڈ سیفٹی موٹرسائیکل سواروں میں ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم کا آغاز
سوہاوہ (احسن وحید سے)
موٹروے پولیس کی جانب سے روڈ سیفٹی اور خصوصاً موٹرسائیکل سواروں میں ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت اجاگر کرنے کے لیے آگاہی مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ مہم کے دوران سو سے زائد ہیلمٹس موٹرسائیکل سواروں میں تقسیم کیے گئے تاکہ انہیں حادثات سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دی جا سکے۔
یہ تقریب ترکی ٹول پلازہ پر منعقد ہوئی، جہاں موٹروے پولیس کے افسران نے ڈرائیوروں اور موٹرسائیکل سواروں کو روڈ سیفٹی کے اصولوں، دورانِ سفر احتیاطی تدابیر، اور قوانین کی پاسداری کی اہمیت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر شرکاء میں آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔
تقریب میں سیکٹر کمانڈر ایس ایس پی ظفر اقبال ملک، ڈی ایس پی لائن ہیڈ کوارٹر ملک نغمان حیات، ڈی ایس پی بیٹ 05 ملک اختر نواز، ڈی ایس پی بیٹ 06 سجاد احمد سمیت متعدد افسران نے شرکت کی۔
شرکت کرنے والے دیگر افسران میں انسپکٹر ابرار اسحاق، انسپکٹر ضیاء الدین، انسپکٹر عشرت رشید، انسپکٹر نوید احمد، انسپکٹر مشاہد حسن، انسپکٹر اللہ دتہ، انسپکٹر عدنان قیصر اور دیگر عملہ شامل تھا۔
اس موقع پر ڈونر چوہدری بریگیڈیئر حبیب اللہ نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور موٹروے پولیس کی اس مثبت کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی آگاہی مہمات عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام ان مہمات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹریفک قوانین کی مکمل پاسداری کریں گے۔
اختتام پر موٹروے پولیس کے افسران نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دورانِ سفر احتیاط برتیں، رفتار کی حد میں رہیں اور بالخصوص موٹرسائیکل چلاتے وقت ہمیشہ ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ممکن ہو سکے۔