القادر یونیورسٹی سوہاوہ میں "کوارڈینیشن اینڈ انگیجمنٹ” پر سیمینار کا انعقاد
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن تھے، جبکہ ممتاز مذہبی اسکالر بابا عرفان الحق، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ نے بھی بطور مہمانِ خصوصی شرکت کر کے تقریب کو رونق بخشی
جہلم ۔( اقبال خان) القادر یونیورسٹی سوہاوہ میں "کوارڈینیشن اینڈ انگیجمنٹ” پر سیمینار کا انعقاد، تفصیلات کے مطابق القادر یونیورسٹی جہلم کے سوہاوہ کیمپس میں "کوارڈینیشن اینڈ انگیجمنٹ” کے عنوان سے ایک پروقار سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جس میں انتظامی افسران، مذہبی اسکالرز اور طلبا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن تھے، جبکہ ممتاز مذہبی اسکالر بابا عرفان الحق، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ نے بھی بطور مہمانِ خصوصی شرکت کر کے تقریب کو رونق بخشی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے "کوارڈینیشن اور انگیجمنٹ” کو عصرِ حاضر کی ناگزیر ضرورت قرار دیا۔ انہوں نے اپنے مرکزی بیان میں زور دیا کہ کسی بھی معاشرے یا ادارے کی ترقی کا دارومدار باہمی ہم آہنگی اور عوامی شمولیت پر ہوتا ہے۔ میر رضا اوزگن کا کہنا تھا کہ انتظامی امور ہوں یا سماجی خدمات، جب تک اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مضبوط رابطہ اور عوام کے ساتھ براہِ راست تعلق (Engagement) استوار نہیں ہوگا، مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جا سکتے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی عملی زندگی میں ٹیم ورک اور رابطے کی مہارتوں کو اپنائیں تاکہ ایک مستحکم معاشرے کی بنیاد رکھی جا سکے۔معروف روحانی پیشوا بابا عرفان الحق نے بھی اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت اور اخلاقی روابط کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے معزز مہمانوں کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ القادر یونیورسٹی طلبا کی فکری اور عملی تربیت کے لیے ایسے سیمینارز کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ بدھ کی صبح ساڑھے گیارہ بجے شروع ہونے والی یہ تقریب اپنے مقررہ اہداف کے حصول کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔