کوئٹہ ٹرین دھماکے میں گھر واپس آتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوان ندیم مقبول کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا
جہلم ( اقبال خان)وطنِ عزیز کی مٹی کے لیے ایک بار پھر ضلع جہلم کے ایک بہادر سپوت نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر دیا ہے۔ کوئٹہ ٹرین دھماکے میں گھر واپس آتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے جوان ندیم مقبول کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا ہے۔
"دھرتی ماں کے تحفظ اور دفاع کی خاطر پاک فوج کے جوانوں کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ ضلع جہلم کے علاقے سندر ٹاؤن، منگلا کینٹ سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے ایک اور نڈر جوان، ندیم مقبول، کوئٹہ ٹرین بلاسٹ میں گھر واپسی کے دوران شہید ہو گئے۔”
"شہید ندیم مقبول پاک فوج کی80 ای ایم ای (EME) ورکشاپ یونٹ گوجرانوالہ میں تعینات تھے۔ ان کی آخری رسومات سندرٹاون منگلا کینٹ کے مقامی قبرستان میں ادا کی گئیں۔”
مذہبی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے، شہید کی آخری رسومات میں فادر لوئس کاشف اور فادر وقاص نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ منگلا کینٹ ،اسٹیشن ہیڈ کوارٹر اور گوجرانوالہ سے آئے ہوئے اعلیٰ فوجی افسران، اور جوانوں کے علاؤہ ،راجہ افراسیاب، راجہ سعد الطاف سمیت اہل علاقہ کی ایک کثیر تعداد نے شہید کو الوداع کہا۔”
"ندیم مقبول شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی قبرستان میں دفنایا گیا، جہاں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی۔”
”شہید ندیم مقبول جیسے بہادر جوان ہمارا فخر ہیں، جنہوں نے ملک و ملت کے امن کی خاطر اپنی زندگیوں کی پرواہ نہیں کی۔ قوم اپنے اس غازی اور شہید کو ہمیشہ یاد رکھے گی