جہلم/دینہ گھریلو گیس سلنڈر اوگرا کے سرکاری ریٹ سے زائد پر فروخت شروع ،انتظامیہ نوٹس لے

گھریلو گیس سلنڈر کی اوگرا قیمت 3600 اور مارکیٹ ریٹ 5000 سے تجاوز کر گیا

0

جہلم (بیورو چیف)”دینہ اور گردونواح میں انتظامیہ کی مبینہ خاموشی اور غفلت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے گیس پلانٹس مالکان نے غریب عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنا شروع کر دیا ہے۔ اوگرا کی جانب سے مقرر کردہ 3600 روپے قیمت کے برعکس گھریلو گیس سلنڈر کی قیمت خودساختہ طور پر 5000 روپے تک پہنچا دی گئی ہے، جس نے غریب اور متوسط طبقے کے گھروں کا چولہا ٹھنڈا کر دیا ہے۔ تحصیل افسران کی ناک تلے روہتاس روڈ اور لنگر پور کے گیس پلانٹس نے مبینہ اتحاد قائم کر کے روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں میں اضافہ شروع کر رکھا ہے، جس پر عوامی حلقوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے۔
​”مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک اور بم گرا دیا گیا۔ دینہ میں ایل پی جی مافیا بے لگام ہو گیا، جہاں اوگرا کے مقرر کردہ ریٹ چھتیس سو روپے کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے گھریلو سلنڈر پانچ ہزار روپے کی ریکارڈ سطح پر فروخت کیا جا رہا ہے۔ مقامی گیس پلانٹس کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر دو سو روپے کا من مانا اضافہ کیا جا رہا ہے، جس نے لکڑی اور بالن کے بعد اب ایل پی جی بھی غریب کی پہنچ سے دور کر دی ہے۔”
​”انتہائی افسوسناک امر یہ ہے کہ یہ سب کچھ تحصیل آفس کے بالکل قریب، انتظامیہ کی ناک تلے ہو رہا ہے۔ روہتاس روڈ دینہ اور لنگر پور کے پلانٹس نے آپس میں مبینہ گٹھ جوڑ کر کے ریٹ بارگینگ شروع کر رکھی ہے۔ قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے کے باعث دیہاڑی دار اور متوسط طبقہ اب پورا سلنڈر بھروانے کے بجائے محض دو سے تین کلو گیس خریدنے پر مجبور ہو چکا ہے، جبکہ مقامی دکاندار تمام ملبہ گیس پلانٹس کی من مانیوں پر ڈال رہے ہیں۔”
​”عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر مقامی انتظامیہ نے خوابِ خرگوش سے بیدار ہو کر ہوش کے ناخن نہ لیے اور ان گیس پلانٹس کو لگام نہ ڈالی، تو آنے والے دنوں میں یہ ریٹ دس ہزار روپے تک پہنچنے کا شدید اندیشہ ہے۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ دینہ میں گیس کی اس بلیک مارکیٹنگ اور خودساختہ مہنگائی کا فوری نوٹس لیں اور منافع خور مافیا کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.