اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان کاگورنمنٹ بوائز کالج دینہ میں قائم امتحانی مرکز کا دورہ

اسسٹنٹ کمشنر نے امتحانی ہالز، سکیورٹی انتظامات، داخلی و خارجی راستوں، صفائی ستھرائی، بجلی کی فراہمی، پینے کے صاف پانی، واش رومز، فرنیچر، بیٹھنے کے انتظامات، عملے کی حاضری اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔

0

جہلم (اقبال خان) اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان نے گورنمنٹ بوائز کالج دینہ میں قائم امتحانی مرکز کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری امتحانات کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد امتحانی عمل کے شفاف، منظم اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانا اور طلبہ کو بہترین سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لینا تھا۔

دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے امتحانی ہالز، سکیورٹی انتظامات، داخلی و خارجی راستوں، صفائی ستھرائی، بجلی کی فراہمی، پینے کے صاف پانی، واش رومز، فرنیچر، بیٹھنے کے انتظامات، عملے کی حاضری اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے امتحانی عمل سے متعلق مختلف امور پر متعلقہ افسران اور عملے سے بریفنگ بھی لی۔

اس موقع پر امتحانی مرکز میں مجموعی انتظامات اطمینان بخش پائے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے امتحانی ماحول، سکیورٹی اور انتظامی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ طلبہ کی سہولت اور امتحانات کے شفاف انعقاد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ امتحانی نظام میں میرٹ، شفافیت اور نظم و ضبط کو برقرار رکھا جائے، نقل کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور طلبہ کو پرامن، سازگار اور منصفانہ ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنے امتحانات دے سکیں۔

اسسٹنٹ کمشنر تیمور خان نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے امتحانی مراکز کی مسلسل مانیٹرنگ جاری رہے گی اور متعلقہ ادارے باہمی تعاون کے ساتھ تمام انتظامات کو برقرار رکھیں گے تاکہ امتحانات کے کامیاب، شفاف اور خوش اسلوبی سے انعقاد کو یقینی بنایا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.