ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کے ہمراہ تاریخی قلعہ روہتاس میں محرم الحرام کے سلسلے میں برآمد ہونے والے جلوس کا دورہ کیا
اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان بھی اس موقعہ پر موجود تھے
جہلم (اقبال خان) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کے ہمراہ تاریخی قلعہ روہتاس میں محرم الحرام کے سلسلے میں برآمد ہونے والے جلوس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان بھی موجود تھے۔ دورے کا مقصد جلوس کے پرامن انعقاد، سکیورٹی انتظامات، مانیٹرنگ اور عزاداروں کی سہولت کے لیے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینا تھا۔
دورے کے دوران جلوس کے روٹ، داخلی و خارجی راستوں، پولیس نفری کی تعیناتی، سیف سٹی و سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، واک تھرو گیٹس، فیلڈ عملے کی موجودگی اور دیگر حفاظتی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ متعلقہ افسران نے انتظامی امور، سکیورٹی پلان، مانیٹرنگ سسٹم اور اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے حوالے سے بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ہدایت کی کہ جلوس کے اختتام تک تمام محکمے مکمل الرٹ رہیں اور عزاداروں کو محفوظ، منظم اور سہولت بخش ماحول فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی، صفائی ستھرائی، طبی امداد، ٹریفک مینجمنٹ اور فیلڈ مانیٹرنگ کے عمل کو مسلسل مؤثر رکھا جائے۔
ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، عزاداروں کے تحفظ اور فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ فرائض انجام دے رہے ہیں۔