وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی کا 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کا دورہ

ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری بھی موجود تھے

0

جہلم (اقبال خان) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری بھی موجود تھے۔ وزیر مملکت نے جلوس کے روٹ، سکیورٹی، مانیٹرنگ، صفائی ستھرائی اور عزاداروں کی سہولت کے لیے کیے گئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وزیر مملکت کو سیف سٹی کیمروں، کنٹرول روم، سی سی ٹی وی مانیٹرنگ، حساس مقامات کی نگرانی اور اداروں کے درمیان رابطہ کاری کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے انہیں مرکزی جلوس کے انتظامات، فیلڈ ٹیموں کی موجودگی، طبی سہولیات، سبیل کیمپوں اور دیگر ضروری اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کے ہمراہ جلوس میں شرکت کی، عزاداروں اور لائسنس داران سے ملاقات کی اور انتظامات کے حوالے سے ان کی رائے حاصل کی۔ اس موقع پر انہوں نے شرکائے جلوس میں نیاز اور سبیل بھی تقسیم کی۔
دورے کے دوران واسا جہلم اور ستھرا پنجاب ایجنسی جہلم کی جانب سے جلوس کے روٹس پر پانی کے چھڑکاؤ، مکینیکل واشنگ، صفائی ستھرائی، روٹس کلیئرنس اور عرقِ گلاب کے اسپرے کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سبیل کیمپوں پر سادہ ٹھنڈے پانی، شربت اور لنگر کی فراہمی کے انتظامات بھی فعال رہے۔
وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ جہلم، پولیس، واسا جہلم، ستھرا پنجاب ایجنسی جہلم، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کی مربوط حکمت عملی، مؤثر رابطہ کاری اور بروقت اقدامات کے باعث مرکزی جلوس اپنے مقررہ روٹ اور شیڈول کے مطابق پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.