ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے دینہ شہر میں نو تعمیر شدہ ماڈل بازار کی تکمیل پر تفصیلی دورہ کیا

اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان بھی ان کے ہمراہ تھے

0

​جہلم ۔( اقبال خان) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے دینہ شہر میں نو تعمیر شدہ ماڈل بازار کی تکمیل پر تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر تحصیل انتظامیہ کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، جنہوں نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
​دورے کے دوران تحصیل انتظامیہ کی جانب سے ڈپٹی کمشنر کو بازار میں اسٹالز کی الاٹمنٹ، سیکیورٹی، صفائی ستھرائی کے انتظامات اور شہریوں کے لیے فراہم کردہ جدید سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
​ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ماڈل بازار کے اعلیٰ تعمیراتی معیار اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماڈل بازار دینہ شہر کی خوبصورتی اور عوام کی سہولت میں ایک بہترین اور دیدہ زیب اضافہ ہے۔ موجودہ مہنگائی کے دور میں اس بازار کا قیام شہریوں کے لیے ایک بڑا ریلیف ثابت ہوگا، جہاں انہیں ایک ہی چھت تلے سستی، معیاری اور اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔”
​انہوں نے تحصیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بازار کو جلد از جلد مکمل فعال کر کے عوام کے لیے کھولا جائے اور یہاں آنے والے خریداروں کے لیے بہترین اور پرامن ماحول کو یقینی بنایا جائے۔ شہریوں نے بھی ماڈل بازار کے قیام پر ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو خوب سراہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.