جہلم: اوپن ڈور پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے شہریوں کے مسائل سن کر موقع پر احکامات جاری کیے
جہلم:( اقبال خان) اوپن ڈور پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے شہریوں کے مسائل سن کر موقع پر احکامات جاری کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب کی ’اوپن ڈور پالیسی‘ کے تحت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری لگا کر ضلع بھر سے آئے شہریوں کی شکایات فرداً فرداً سنیں۔ شہریوں نے انہیں ریونیو، بلدیاتی امور اور بنیادی سہولیات سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر نے فوری نوعیت کے مسائل پر موقع پر ہی احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سائلین کو دفاتر کے چکر نہ لگوائے جائیں اور تمام درخواستیں مقررہ وقت میں حل کی جائیں۔ میر رضا اوزگن کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کا مقصد عوام اور انتظامیہ کے فاصلے ختم کرنا ہے، اور عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ شہریوں نے انتظامیہ کے اس فوری ریلیف کے اقدام کو دلی طور پر سراہا۔