ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی آفس میں عوامی کچہری،عوامی مسائل سنے

0

جہلم (14 جولائی 2026) شہریوں کے مسائل کے فوری اور شفاف حل کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے اپنے دفتر میں روزانہ کی بنیاد پر عوامی کچہری کا انعقاد کیا۔ کچہری میں مختلف علاقوں سے آنے والے شہریوں نے اپنے مسائل اور درخواستیں براہ راست ڈپٹی کمشنر کے سامنے پیش کیں۔

عوامی کچہری کے دوران شہریوں نے ریونیو، بلدیاتی خدمات اور دیگر انتظامی امور سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہر درخواست کو توجہ سے سنا، متعلقہ افسران سے موقع پر رپورٹ طلب کی اور متعدد معاملات پر فوری احکامات جاری کرتے ہوئے مسائل کو میرٹ اور قانون کے مطابق حل کرنے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں غیر ضروری تاخیر سے گریز کیا جائے اور ہر درخواست گزار کو بروقت ریلیف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت، شفافیت اور جوابدہی کو ہر سطح پر یقینی بنانا ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کا مقصد شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنا اور انہیں بروقت انصاف فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور مؤثر سروس ڈیلیوری کے لیے عوامی کچہریوں کا سلسلہ مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.