ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سنیہ صافی کی مڈ کیرئر مینجمنٹ کورس کے لیے روانگی کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد
جہلم (راجہ نوبہار) ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سنیہ صافی کی مڈ کیرئر مینجمنٹ کورس کے لیے روانگی کے اعزاز میں ایک پروقار الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) علیزہ ریحان، اسسٹنٹ کمشنر جہلم عبداللہ غازی خان، اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان، اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر، اسسٹنٹ کمشنر پنڈ دادنخان عائشہ شفقت، سابق اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف، اسسٹنٹ کمشنر انڈر ٹریننگ محمد عبداللہ راجہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر میاں مظہر حیات سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران، مختلف محکموں کے سربراہان اور دفتری عملے نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے کہا کہ سنیہ صافی نے اپنے دورِ تعیناتی کے دوران پیشہ ورانہ مہارت، دیانت داری اور فرض شناسی کے ساتھ فرائض انجام دیتے ہوئے ریونیو انتظامیہ کو مزید مؤثر بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی خدمات ضلعی انتظامیہ کے لیے ہمیشہ قابلِ قدر رہیں گی، جبکہ مڈ کیرئر مینجمنٹ کورس ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ کرے گا۔ دیگر مقررین نے بھی ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تقریب کے دوران افسران اور شرکاء نے سنیہ صافی کے ساتھ اپنے پیشہ ورانہ تعلقات اور خوشگوار یادوں کا ذکر کرتے ہوئے ان کی انتظامی صلاحیتوں، خوش اخلاقی اور عوامی خدمت کے جذبے کو سراہا۔ مقررین نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ مڈ کیرئر مینجمنٹ کورس کی تکمیل کے بعد مزید تجربے اور بصیرت کے ساتھ سرکاری ذمہ داریاں انجام دیتے ہوئے عوامی خدمت کے سفر کو اسی جذبے سے جاری رکھیں گی۔
تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر جہلم شفیق احمد چوہدری، ضلعی انتظامیہ کے افسران، مختلف محکموں کے سربراہان، دفتری عملے اور دیگر شرکاء نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سنیہ صافی کو یادگاری شیلڈز، تحائف اور گلدستے پیش کیے۔ اپنے تاثرات میں سنیہ صافی نے ڈپٹی کمشنر جہلم، ضلعی انتظامیہ، پولیس افسران، ساتھی افسران اور دفتری عملے کا محبت، اعتماد اور بھرپور تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع جہلم میں انجام دی جانے والی خدمات ان کی پیشہ ورانہ زندگی کا ایک یادگار باب رہیں گی، جسے وہ ہمیشہ فخر کے ساتھ یاد رکھیں گی۔