نوگراں میں افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں ایک مکان کی چھت یک دم گرنے سے میاں بیوی اور بچے سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے
جہلم (اقبال خان)”جہلم کے علاقے نوگراں میں افسوسناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں ایک مکان کی چھت یک دم گرنے سے میاں بیوی اور بچے سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو ملبے سے باحفاظت نکال لیا۔”
”ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ جہلم کے گاؤں نوگراں میں پیش آیا جہاں رہائشی مکان کی چھت اچانک بیٹھ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں گھر میں موجود تینوں افراد ملبے تلے دب کر زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوراً موقع پر پہنچیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر کے تمام افراد کو باحفاظت ملبے سے نکال لیا۔ زخمیوں کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر ڈی ایچ کیو (DHQ) ہسپتال جہلم منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 31 سالہ عبدالصمد، ان کی 27 سالہ اہلیہ شازیرہ کنول اور 3 سالہ معصوم بچہ محمد التمش شامل ہیں۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔”