14 اگست ضلع بھر میں تقریبات کا انعقاد ،سب سے بڑی تقریب اکرم شہید پارک میں منعقد ہو گی ،ڈپٹی کمشنر جہلم
جہلم ۔۔(اقبال خان)جہلم شہر میں جشنِ آزادی شایانِ شان طریقے سے منانے کی تیاریاں مکمل، 13 اور 14 اگست کی درمیانی رات میجر اکرم شہید پارک میں مرکزی تقریب ہو گی۔ 14 اگست کو ضلع بھر میں خصوصی تقریبات ہوں گی ۔تفصیلات کے مطابق جشنِ آزادی پاکستان کو شایانِ شان طریقے سے منانے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آزادی کی تقریبات کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آزادی کا مرکزی پروگرام 13 اگست کی رات 8 بجے میجر اکرم شہید پارک میں منعقد ہو گا جس میں سیاسی و سماجی شخصیات، اعلیٰ افسران، شہدا کے خاندانوں اور عام شہریوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ تقریب میں ملی نغمے، علاقائی زبانوں میں ترانے اور آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 14 اگست کو ضلعی ہیڈ کوارٹر سمیت تمام تحصیلوں میں الگ الگ پرچم کشائی اور خصوصی تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری ادارے اپنے طور پر بھی جشنِ آزادی کے پروگرام منعقد کریں جبکہ شہر کی تمام اہم سرکاری عمارتوں پر برقی قمقموں سے چراغاں کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے تاکہ اس قومی تہوار کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا سکے۔