79 ویں یومِ آزادی: ڈی سی آفس جہلم میں پرچم کشائی، ضلع کونسل ہال میں پروقار تقریب کا انعقاد
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے مشترکہ طور پر سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیا
جہلم ۔ ( اقبال خان)79 ویں یومِ آزادی: ڈی سی آفس جہلم میں پرچم کشائی، ضلع کونسل ہال میں پروقار تقریب کا انعقاد۔ تفصیلات کے مطابق 79 ویں یومِ آزادیِ پاکستان کے مبارک موقع پر ضلع جہلم میں شاندار اور پروقار تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ دن کا آغاز ڈی سی آفس جہلم میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے ہوا، جہاں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے مشترکہ طور پر سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیا اور قومی ترانے کی دھن پر پرچم کو سلامی پیش کی۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی کی دعاؤں کے ساتھ جشنِ آزادی کا کیک بھی کاٹا گیا۔
پرچم کشائی کے بعد ضلع کونسل ہال میں ایک خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر، تمام ضلعی افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او اور دیگر افسران نے یومِ آزادی کی اہمیت پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔ مقررین نے تحریکِ پاکستان کے اکابرین اور شہداء کی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی اور دفاع کے لیے اتحاد و یگانگت کے عزم کا اعادہ کیا۔