گورنمنٹ گریجویٹ کالج جی ٹی روڈ جہلم میں بین الاقوامی معیار کے مصنوعی ہاکی گراؤنڈ کی تعمیر، مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے منصوبے پر بریفنگ

0

جہلم( اقبال خان)گورنمنٹ گریجویٹ کالج جی ٹی روڈ جہلم میں بین الاقوامی معیار کے مصنوعی ہاکی گراؤنڈ کی تعمیر، مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے منصوبے پر بریفنگ لی

جہلم: مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے گورنمنٹ گریجویٹ کالج جی ٹی روڈ جہلم میں زیرِ تعمیر مصنوعی (Synthetic) ہاکی گراؤنڈ کے منصوبے پر انتظامیہ سے تفصیلی بریفنگ لی۔

اس موقع پر منصوبے کی پیش رفت، تعمیراتی کام کے معیار اور آئندہ کے مراحل کا جائزہ لیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ منصوبے کی اصل منظور شدہ لاگت 274.703 ملین روپے ہے۔

منصوبے کے تحت مصنوعی ہاکی گراؤنڈ کے علاوہ 15 میٹر بلند ایل ای ڈی لائٹس کے پولز، گراؤنڈ آرٹیکلز، چین لنک فینسنگ، واٹر سپلائی اور ڈرینج سسٹم، بیٹھنے کے لیے اسٹیپس، پارکنگ ایریا، پبلک ٹوائلٹ، لینڈ اسکیپنگ، باؤنڈری وال، یوٹیلیٹی کنکشن اور دیگر ضروری سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی۔

مذکورہ ہاکی گراؤنڈ کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (FIH) کی منظوری حاصل ہے، جس کے باعث یہ گراؤنڈ بین الاقوامی معیار پر ہاکی کی سرگرمیوں اور مستقبل میں بین الاقوامی سطح کے میچز کے انعقاد کے لیے بھی موزوں ہوگا۔

مشیر صحت پنجاب ڈاکٹر اظہر محمود کیانی نے منصوبے کی بروقت تکمیل، تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے اور گراؤنڈ سے منسلک تمام سہولیات کو مقررہ معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ جہلم میں جدید اور بین الاقوامی معیار کی کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی نوجوانوں کے لیے صحت مند سرگرمیوں کے فروغ اور ہاکی کے کھیل کی بحالی میں اہم کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جہلم میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایسے منصوبوں کی تکمیل ایک مثبت پیش رفت ہے، جس سے مقامی کھلاڑیوں کو معیاری سہولیات میسر آئیں گی اور انہیں قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع حاصل ہوں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.