اہلخانہ نے ڈپٹی کمشنر جہلم، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ریسکیو 1122 جہلم کی مدد فراہم کی جائے
جہلم ( اقبال خان )جہلم کے علاقہ تھانہ منگلا کی حدود میں گزشتہ روز دل دہلا دینے والا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ایک سنگدل باپ نے اپنے تین کمسن بچوں کو نہر میں پھینک دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں غم و غصے کی فضا قائم ہے جبکہ معصوم بچوں کی تلاش کے لیے ریسکیو سرچ آپریشن جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد تینوں بچوں کی نہر میں تلاش کے لیے ریسکیو ٹیموں کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا۔ میرپور سے آنے والی ریسکیو ٹیم نے بھی کئی گھنٹوں تک بچوں کی تلاش جاری رکھی، تاہم شام تک تینوں بچوں کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔
بچوں کے لاپتہ ہونے کے باعث اہلخانہ شدید غم اور کرب میں مبتلا ہیں اور ہر گزرتے لمحے کے ساتھ ان کی بے چینی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ غمزدہ خاندان کا کہنا ہے کہ ان کے ننھے پھولوں کی تلاش کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ بچوں کو جلد از جلد تلاش کیا جا سکے۔
بچوں کے ماموں اور دیگر ورثاء نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم سے فوری مدد کی اپیل کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ریسکیو 1122 جہلم کی ٹیموں کو بھی سرچ آپریشن میں شامل کیا جائے۔
ورثاء کا کہنا ہے کہ میرپور ریسکیو ٹیم اپنی استطاعت کے مطابق سرچ آپریشن کر رہی ہے، تاہم نہر میں وسیع پیمانے پر تلاش کے لیے مزید جدید آلات، وسائل اور ماہر غوطہ خوروں کی ضرورت ہے۔ خاندان نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ بچوں کی تلاش کے لیے فوری طور پر اضافی ریسکیو وسائل فراہم کیے جائیں۔
بچوں کے ماموں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بھی فوری مدد کی اپیل کی ہے جبکہ آرمی چیف سے خصوصی درخواست کی گئی ہے کہ پاک فوج کے ماہر غوطہ خوروں اور جدید سرچ وسائل کو بھی آپریشن میں شامل کیا جائے تاکہ تینوں بچوں کی تلاش کا دائرہ وسیع کیا جا سکے۔
غمزدہ خاندان کا کہنا ہے کہ اس وقت ان کی تمام امیدیں انتظامیہ اور ریسکیو اداروں سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ضلعی انتظامیہ فوری طور پر تمام متعلقہ اداروں سے رابطہ کرکے سرچ آپریشن کو مزید مؤثر بنائے اور بچوں کی تلاش کے لیے جدید وسائل اور ماہر غوطہ خور فراہم کیے جائیں۔
اہلخانہ نے ڈپٹی کمشنر جہلم، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر جہلم اور دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فوری اقدامات کیے جائیں اور تینوں معصوم بچوں کی تلاش کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں