وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت ڈی سی آفس جہلم میں وزیراعظم فیول سبسڈی پروگرام کا جائزہ اجلاس
جہلم:(اقبال خان) وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت ڈی سی آفس جہلم میں وزیراعظم فیول سبسڈی پروگرام کے تحت عوامی ریلیف کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اور خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے شرکت کی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر کے پٹرول پمپس کی موجودہ صورتحال، رجسٹریشن کے طریقہ کار اور شہریوں کی آگاہی سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس کے دوران بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حکومت کے فیول ریلیف پروگرام کے تحت کم آمدنی والے طبقے بالخصوص موٹر سائیکل، چنگ چی رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو رعایتی قیمت پر فیول کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ ضلعی سطح پر پٹرول پمپس کے ڈیٹا اور شہریوں کو اسکیم میں شامل کرنے کے پروسیس پر پیش رفت جاری ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے ہدایت کی کہ وزیراعظم فیول ریلیف پروگرام کے اثرات عام اور مستحق شہریوں تک پہنچنا انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو پابند کیا کہ پٹرول پمپس پر شفافیت، مسلسل نگرانی اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے آگاہی مہم کو مزید تیز کیا جائے تاکہ تمام حقدار اس ریلیف سے بلا تعطل مستفید ہو سکیں۔