مہنگائی سے شہری تو شہری دوکاندار بھی پریشان،سبزی منڈی بولی ریٹ خرید اور مارکیٹ کمیٹی ریٹ لسٹ میں نمایاں فرق ڈپٹی کمشنر جہلم اسسٹنٹ کمشنر دینہ نوٹس لیں
دوکانداروں کے پریس کلب دینہ ک سروے ٹیم سے گلے شکوے
دینہ ( اقبال خان)دینہ: مہنگائی سے شہری تو شہری، دکاندار بھی شدید پریشان، سبزی و فروٹ مہنگے داموں خریدنے کے بعد کم ریٹ پر فروخت کرنے پر مجبور ہونے کا شکوہ
دینہ میں مہنگائی نے جہاں عام شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے، وہیں سبزی اور فروٹ فروش دکاندار بھی دوہری مشکلات کا شکار ہیں۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ انہیں دینہ سبزی منڈی میں بولی کے دوران سبزیاں اور پھل مہنگے داموں خریدنا پڑتے ہیں، جبکہ مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے کم قیمتوں پر ریٹ لسٹ جاری کر دی جاتی ہے۔
دکانداروں کے مطابق منڈی سے مہنگے داموں خریداری کے باوجود مارکیٹ کمیٹی کی مقررہ قیمت سے زائد پر فروخت کی اجازت نہیں دی جاتی، جس کے باعث انہیں شدید مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ ایک طرف بچوں کا پیٹ پالنا ہے اور دکان کے اخراجات پورے کرنے ہیں، جبکہ دوسری جانب منڈی میں مہنگی خریداری کے بعد کم قیمت پر فروخت کرنا ممکن نہیں۔
دکانداروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر مارکیٹ کمیٹی کی ریٹ لسٹ زمینی حقائق اور منڈی میں ہونے والی اصل بولی کے مطابق مقرر کی جائے تو دکاندار اور صارفین دونوں کے مسائل کم ہو سکتے ہیں۔
دکانداروں نے الزام عائد کیا کہ بولی کے مرحلے میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے بجائے بعد ازاں کم قیمتوں کی ریٹ لسٹ جاری کر دی جاتی ہے، جس سے اصل بوجھ دکاندار پر پڑتا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ مارکیٹ کمیٹی منڈی میں ہونے والی بولی کی مؤثر نگرانی کرے اور خریداری کی قیمتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ریٹ لسٹ جاری کرے۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے پہلے ہی گھریلو بجٹ شدید متاثر کر رکھا ہے اور سبزی و فروٹ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے مشکلات مزید بڑھ رہی ہیں۔
عوامی حلقوں اور دکانداروں نے ڈپٹی کمشنر جہلم اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دینہ سبزی منڈی میں بولی کے عمل، مارکیٹ کمیٹی کی ریٹ لسٹ اور اصل خرید و فروخت کی قیمتوں کا جائزہ لے کر ایسا مؤثر نظام وضع کیا جائے جس سے دکاندار کو بھی جائز منافع ملے اور صارفین کو بھی مناسب نرخوں پر اشیائے ضروریہ دستیاب ہوں۔